سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ جاری ہے۔ انتخابی عمل مجموعی طور پر پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
الیکشن کمیشن سندھ کے ترجمان کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوئی اور شام 4 بجے تک بلاتعطل جاری رہی۔
شہریوں نے بھرپور انداز میں جمہوری عمل میں حصہ لیا، اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ضمنی بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 43 ہزار 187 ووٹرز رجسٹرڈ تھے، جن میں 1 لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور 1 لاکھ 10 ہزار 154 خواتین شامل تھیں۔
پولنگ کراچی کے تین اضلاع شرقی، غربی، اور کیماڑی کے علاوہ حیدرآباد، دادو، جامشورو، مٹیاری، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ، بدین اور ٹھٹھہ میں ہوئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنز پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی ادارے پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہے تاکہ کسی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور جلد ہی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان متوقع ہے۔