دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کی آج شیڈول پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بڑے میچ سے قبل کسی بھی تنازع سے بچنے کے لیے کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز اپنی معمول کی تیاری جاری رکھیں گے اور شام سات بجے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن ہوگا۔ پریس کانفرنس شام چھ بجے شیڈول تھی تاہم اسے اچانک منسوخ کر دیا گیا۔
ٹیم انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ اس اہم میچ سے قبل کھلاڑیوں کی توجہ صرف اور صرف میدان میں کارکردگی پر مرکوز رکھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں، ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینے کے لیے قومی ٹیم کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے خصوصی حکمت عملی پر غور کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بیٹنگ لائن کے متعدد کھلاڑیوں نے اپنی حالیہ ناکامیوں کا برملا اعتراف کیا۔
کوچ مائیک ہیسن نے میٹنگ میں کھلاڑیوں کو واضح ہدایت دی کہ اسٹرائیک کو مسلسل روٹیٹ کرنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کنڈیشنز بیٹرز کے لیے آسان نہیں ہیں، اس لیے سنگلز اور ڈبلز کے ذریعے اسکور بورڈ کو متحرک رکھنا لازمی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ایک سینئر کھلاڑی نے اجلاس کے دوران کہا کہ ٹیم کو اس وقت بڑی اننگز کی اشد ضرورت ہے تاکہ حریف ٹیموں پر دباؤ ڈالا جا سکے۔
کوچ نے کھلاڑیوں کو وکٹ پر زیادہ دیر رکنے، ذمہ دارانہ کھیلنے اور موقع ملنے پر اسٹرائیک ریٹ تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں سب کھلاڑیوں نے عزم ظاہر کیا کہ بھارت کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی دکھا کر کامیابی حاصل کریں گے۔
