ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر آج سعودی عرب کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ ، وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم دورے کے دوران ولی عہد سے دو طرفہ ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ دونوں ملکوں کے منفرد شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا، دورہ عوام کے مفاد میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان بھی سعودی عرب جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی معیشت کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کل سعودی عرب سے برطانیہ جبکہ 21 ستمبر کو برطانیہ سے امریکہ روانہ ہونگے۔
وزیراعظم امریکہ کے دورے کے دوران نیویارک میں جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
شہباز شریف کی 22 ستمبر کو نیویارک میں فلسطین سے متعلق سربراہ کانفرنس میں شرکت متوقع ہے۔
وزیراعظم 27 ستمبر کو امریکہ سے پھر برطانیہ روانہ ہونگے، اور 29 ستمبر کو برطانیہ سے وطن واپس پہنچیں گے۔