معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف زیادتی کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں رجب بٹ اور دیگر کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر خاتون سے زیادتی کے کیس میں شریک ملزم سلمان حیدر کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس جواد ظفر نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ ایس پی کو 19 ستمبر کو رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سلمان حیدر تفتیش کے دوران قصوروار ثابت ہوا ہے۔
مدعیہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش میں سنگین خامیاں موجود ہیں اور شریک ملزمان رجب بٹ اور مان ڈوگر کو بلاجواز کلین چٹ دی گئی ہے، یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کن بنیادوں پر شریک ملزمان کو چھوڑ دیا گیا۔
وکیل نے مزید کہا کہ مدعیہ اور ان کی بہن کے موبائل فونز کا مکمل ڈیٹا حذف کردیا گیا جبکہ سلمان حیدر مدعیہ کو مسلسل دھمکیاں دے کر زیادتی کرتا رہا۔ تاہم، عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کی جائے۔
دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تھانہ نواب ٹاؤن پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا ہے اور عدالت سے درخواست کی کہ عبوری ضمانت کو کنفرم کیا جائے۔