لندن: فلسطین ایکشن کی ریلی پر پولیس کا کریک ڈاؤن، 150 سے زائد گرفتار

لندن : برطانوی پولیس نے پارلیمنٹ کے باہر ہونے والی فلسطین ایکشن کی ایک بڑی ریلی کے دوران کم از کم 150 مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے حکومت کی جانب سے فلسطین حامی گروپ “Palestine Action” پر پابندی لگانے کے فیصلے کے خلاف احتجاج  کرتے ہوئے ہزاروں افراد پر مشتمل ریلی نکالی تھی۔

پولیس کے مطابق احتجاج میں شریک مظاہرین کی تعداد تقریباً 1,500 تھی۔ احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، مظاہرین نے نعرے بازی کی اور پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیا۔ پولیس نے ریلی کو منتشر کرنے کے لیے کارروائی کی جس کے نتیجے میں کئی افراد کو حراست میں لیا گیا۔

واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے چند روز قبل فلسطین ایکشن پر پابندی لگائی تھی اور اسے ایک ’’غیر قانونی تنظیم‘‘ قرار دیا تھا۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ گروپ برطانیہ میں اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والی کمپنیوں کو نشانہ بناتا ہے اور اس کے اقدامات ’’قانون توڑنے‘‘ کے مترادف ہیں۔

دوسری جانب مظاہرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ فلسطین ایکشن پر پابندی دراصل اظہارِ رائے کی آزادی پر قدغن ہے اور یہ اقدام اسرائیل کے خلاف تنقید کو دبانے کی کوشش ہے۔

Related posts

یومِ آزادی پر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے نئے عزم کی ضرورت ہے، صمد عارض

پیٹرول و ڈیزل مزید مہنگا ہونے کا امکان، حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے دباؤ میں آگئی

جشنِ آزادی یا لمحۂ فکریہ؟ پاکستانی فنکاروں کے دل گرفتہ پیغامات سامنے آگئے