شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے نوجوان لڑکیوں کو ایک اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں مالی طور پر خود مختار ہوں، میرے خیال میں مالی خود مختاری سے بہتر کچھ نہیں۔
حال ہی میں ماورا حسین نے نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک متاثر کن پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے مالی خود مختاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی زندگی کے تجربات اور پرورش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے خود کمائی کرنا نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بہت کم عمری میں یہ سکھا دیا گیا تھا کہ مالی خود مختاری لڑکیوں کے لیے کتنی اہم ہے۔ بچپن میں شاید اس کی گہرائی کو مکمل طور پر سمجھنا مشکل ہوتا ہے لیکن وقت کے ساتھ یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ محنت اور خودانحصاری کتنی اہم ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کی والدہ نے انہیں اور ان کی بہن عروہ حسین کو اسکول کے دنوں میں ہی تھیٹر کرنے کی ترغیب دی، جس نے ان میں کام کا جذبہ اور خود اعتمادی پیدا کی۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں چھوٹی عمر میں ہی سیکھا دیا گیا تھا کہ خود کو کارآمد بنانا ہے، محنت کرنی ہے اور یہ چیز زندگی بھر کام آتی ہے۔ بعض اوقات کامیابی کے لیے معمولی آرام و سکون کی قربانی دینی پڑتی ہے، تھوڑا کم سونا پڑے تو کوئی بات نہیں، محنت ضروری ہے، یہ سب ہمارے والدین کی تربیت کا اثر ہے۔
ماورا حسین نے نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں مالی خود مختاری سے بہتر کوئی چیز نہیں۔
آخر میں انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چاہے خاندان کتنا ہی مضبوط یا شوہر اور سسرال کتنے ہی معاون کیوں نہ ہوں، اپنی محنت سے کمائے ہوئے پیسے کا اعتماد اور خود مختاری ایک الگ ہی وقار دیتی ہے، جو پیسہ آپ خود کماتے ہیں، وہ نہ صرف آزادی دیتا ہے بلکہ آپ کو اپنے فیصلوں میں خودمختار بھی بناتا ہے۔