پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع اور ڈی جی ڈیفنس عقیل قربانوف کی قیادت میں آذربائیجان کا اعلیٰ دفاعی وفد ملاقات کے لیے پہنچا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات، مشترکہ تربیت، جدت اور تکنیکی مہارت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آذری وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاک فضائیہ اور آذربائیجان کی افواج کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی جدید کاری اور جنگی حکمت عملی پر روشنی ڈالی، جس نے عالمی سطح پر اس کی دفاعی صلاحیتوں کو نمایاں کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دونوں فریقین نے دفاعی تعاون بڑھانے، مشترکہ تربیتی پروگرامز، اور تکنیکی مہارت کے تبادلے پر زور دیا۔
ایئر چیف نے آذربائیجان ایئر فورس کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع عقیل قربانوف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مقامی ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیش رفت کی بھرپور تعریف کی۔
انہوں نے آذربائیجان کے فضائی تربیتی نظام کی ازسرِنو تشکیل کے لیے پاک فضائیہ کو ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔
آذری وفد نے پاک فضائیہ کے ملٹی ڈومین آپریشنز کے حوالے سے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس سے دونوں ممالک کے دفاعی شعبے میں مزید قریبی تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔
دونوں فریقین نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، اور اس بات پر زور دیا کہ دفاعی تعلقات میں مزید بہتری دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہوگی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا، تاکہ مستقبل میں دونوں افواج کے درمیان روابط میں مزید اضافہ ہو سکے۔