ملک بھر میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور قدرتی آفات کی تباہ کاریوں پر حکومتی و سیاسی عمائدین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا،
جب کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک اور سانحہ نے دلوں کو دہلا دیا، جب امدادی کارروائیوں کے دوران ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا جس میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک بھر میں ہونے والی قدرتی آفات پر گہرا افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت فرمائے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم متاثرین کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے خیبر پختونخواہ کے تمام اضلاع کے ذمہ داران کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ “کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ہسپتال پہنچ کر لوگوں کو نکالنے میں مدد فراہم کرنی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور نے سیلاب اور حادثات میں جاں بحق ہونے والوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہماری مکمل ہمدردی ہے اور ہم ان کی بھرپور مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً اقدامات کیے جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیبر پختونخواہ میں سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام خیبر پختونخواہ کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہیں۔
انہوں نے سیلاب میں شہید ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہم اپنے بہادر ہیروز کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے باجوڑ میں ریسکیو آپریشن کے دوران پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرا افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے تھے اور یہ قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔
اسپیکر نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔