جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں علی الصبح سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
مسلسل بارش کے باعث نکاسی آب کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان واسا کے مطابق وزیر برائے ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات ہے جبکہ شدید بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتیں 320 سے تجاوز کرگئیں، مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، سیاحوں کے لیے انتباہ جاری
ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 14 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 10 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں سید پور میں 69 ملی میٹر، گولڑہ 71 ملی میٹر، بوکڑہ 29 ملی میٹر، پی ایم ڈی 37 ملی میٹر، شمس آباد 34 ملی میٹر، کچہری 22 ملی میٹر، پیر ودھائی 27 ملی میٹر، گوالمنڈی 30 ملی میٹر اور کٹاریاں میں 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
اس طرح مجموعی طور پر جڑواں شہروں میں اب تک 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نکاسی آب آپریشن کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں۔