یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے بھر کی جیلوں میں قید سزا یافتہ قیدیوں کی سزاؤں میں 60 روزہ تخفیف کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق یہ خصوصی رعایت تمام سزا یافتہ قیدیوں پر لاگو ہو گی، تاہم سنگین جرائم میں ملوث افراد اس سہولت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے وضاحت کی کہ یہ رعایت اُن قیدیوں کو حاصل نہیں ہو گی جنہیں ملکی سلامتی کے خلاف جرائم، دہشت گردی، قتل، اغوا یا ڈکیتی جیسے سنگین مقدمات میں سزا سنائی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ قیدی جو رواں سال پہلے ہی کسی خصوصی معافی یا رعایت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، اس حالیہ تخفیف کے حقدار نہیں ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق اس فیصلے کا مقصد یومِ آزادی کی خوشیوں میں قیدیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو شامل کرنا ہے، تاکہ وہ قومی دن کے موقع پر امید اور بہتری کا پیغام حاصل کر سکیں۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت قیدیوں کی اصلاح اور ان کی سماجی بحالی پر یقین رکھتی ہے اور انہیں معاشرے کا مثبت حصہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔