قومی اقلیتی دن پر صدرِ مملکت کا خطاب، مساوات، بھائی چارے، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے عزم کا اعادہ
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی میں اقلیتوں کا کردار نمایاں اور قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا اتنے ہی اہم حصہ ہیں جتنا کوئی اور شہری، اور انہیں ہر شعبہ زندگی میں مساوی حقوق حاصل ہیں۔
صدر نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم ایک ایسا پاکستان چاہتے تھے جو مساوات، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی پر قائم ہو۔
اسی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے آج کی قیادت کو اقلیتوں کے تحفظ، ان کے حقوق کی پاسداری اور ان کی ترقی میں شراکت داری کو یقینی بنانا ہو گا۔
تقریب کے دوران مختلف اقلیتی رہنماؤں نے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دینے اور اقلیتوں کے حقوق کو اجاگر کرنے پر صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے حکومت کے بین المذاہب ہم آہنگی اور شمولیتی اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔