کراچی میں سندھ پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈی ایچ اے فیز 8 میں ریس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ریس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جی ٹریفک نے شرکت کی۔
شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے 5 کلومیٹر کی ریس کا انعقاد دو دریا کے مقام پر کیا گیا جس میں ایک ہزار کے قریب مرد اور خواتین نے حصہ لیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ہم جب شہیدوں کو یاد کرتے ہیں ان کا ایک بیک گراؤنڈ ہوتا ہے، آج کے دن ملک بھر میں شہداء کو یاد کیا جاتا ہے، آج اگر امن ہے تو اس کا کریڈٹ شہداء کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں سب سے زیادہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوئے، 2013 میں شہر جرائم کے حوالے سے چھٹیں نمبر پر تھا، ہمارے پولیس جوانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، اس کے بعد ہمارے جوانوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر شہر میں امن قائم کیا۔
آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ ہرعام آدمی کا ٹریفک پولیس کے ساتھ سامنا ہوتا ہے، سندھ حکومت ابھی سیف سٹی پراجیکٹ لگانے جارہی ہے، 1300 کیمراز لگ جائیں گے جس کے بعد کیمراز کے ذریعے نگرانی ہوگی۔
بعدازاں ریس کے شرکاء کی جانب سے سندھ پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، تاہم ریس کے اختتام پر ریس جیتنے والوں میں آئی جی سندھ کی جانب سےانعامات بھی تقسیم کی گئے۔