اسلام آباد: حکومت پاکستان نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان میں معدنیات کے شعبے، خصوصاً تانبے کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق امریکہ نے ریفائن کردہ تانبے پر عائد 50 فیصد درآمدی ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک اہم برآمدی موقع ثابت ہو سکتا ہے۔
دستاویزات میں تجویز دی گئی ہے کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان کو چاہیے کہ ملک گیر نقشے بنائے تاکہ ذخائر کی نشاندہی ہوسکے۔
دستاویزات کے مطابق دنیا بھر میں تانبے کی طلب آئندہ برسوں میں بڑھے گی، پاکستان کو حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا پڑے گا۔
دستاویز میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدامات پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور قابل اعتماد معدنیات فراہم کرنے والے ملک کے طور پر متعارف کروا سکتے ہیں۔