موسم گرما کی تعطیلات کے بعد بچوں کی موج مستیاں ختم ہوگئی ہیں، صوبہ سندھ اور بلوچستان میں آج سے اسکول کھل گئے۔
سندھ اور بلوچستان میں گرمیوں کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد آج سے سرکاری اور متعدد نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں، جہاں تدریسی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
تاہم اسکول کھلنے کے پہلے روز طلبہ کی حاضری معمول سے خاصی کم رہی جبکہ کراچی کے بیشتر نجی تعلیمی ادارے 4 اگست سے تعلیمی سرگرمیاں بحال کریں گے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد طلبہ اور والدین کو تعطیلات کے بعد مناسب تیاری کا وقت دینا ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان یکم جون سے 31 جولائی 2025 تک کیا تھا جبکہ بلوچستان میں بھی اسی طرز پر موسمِ گرما کی تعطیلات دی گئی تھیں۔