پاکستان کی معروف ٹک ٹاک اسٹار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر جنت مرزا نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بالی ووڈ اداکار کارتک آریان کے ساتھ فلم کی آفر کا انکشاف کیا، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
حال ہی میں انٹرٹینمنٹ ویب پورٹل کو دیے گئے انٹرویو میں جنت مرزا نے بتایا تھا کہ انہیں ایک بھارتی فلم میں مرکزی کردار کی آفر ہوئی تھی، جس میں ان کے مدمقابل کارتک آریان کو کاسٹ کیا جا رہا تھا، تاہم انہوں نے یہ آفر اس لیے مسترد کر دی کیونکہ ان کے والدین نے انہیں بھارت جا کر کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔
جیسے ہی یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، ناقدین نے جنت مرزا کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، کئی سوشل میڈیا صارفین نے ان پر لائم لائٹ میں رہنے کا شوقین ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے اس قسم کے بیانات دیتی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جنت مرزا کا یہ بیان نیا نہیں بلکہ پرانا تھا، لیکن وائرل ہونے کے بعد ایک بار پھر وہ تنقید کی زد میں آ گئیں، مسلسل منفی تبصروں کے بعد جنت مرزا نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے مبہم انداز میں ناقدین کو “حاسدین” قرار دیا۔
اپنی اسٹوری میں جنت نے لکھا کہ اکثر لوگ اپنی خوشی یا کامیابی شیئر کر رہے ہوتے ہیں، دکھاوا نہیں کر رہے۔ مسئلہ تب بنتا ہے جب آپ ان باتوں کو حسد کی نظر سے دیکھنے لگیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ناقدین کو خود پر نظرِ ثانی کرنے اور حسد ترک کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
جنت مرزا کے اس ردعمل نے ان کے مداحوں کو ان کا دفاع کرنے پر مجبور کر دیا جبکہ تنقید کا سلسلہ تاحال سوشل میڈیا پر جاری ہے۔