وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ سے ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) اور جدید ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون پر بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران خصوصی طور پر پاکستان میں ایریزونا یونیورسٹی کے اشتراک سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ریسرچ سینٹرز کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی وزیر نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی لاہور اور ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے درمیان شراکت داری کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی اشتراک نہ صرف پاکستان میں ٹیکنالوجی کی تعلیم و تحقیق کو فروغ دیں گے بلکہ طلبہ کو عالمی معیار کی مہارتوں تک رسائی بھی فراہم کریں گے۔
مزید پڑھیں: چینی کمپنی کا AI بیٹری کے ساتھ سستا ترین فون لانچ
انہوں نے کہا کہ وزارتِ آئی ٹی ملک میں نیشنل AI پالیسی، AI ہبز اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے ایک مضبوط اور فعال AI ایکو سسٹم کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان وزیراعظم شہباز شریف کے وژن “ڈیجیٹل نیشن پاکستان” کے تحت جدید ٹیکنالوجی کو قومی ترقی کا ستون بنا رہا ہے اور بین الاقوامی تعاون اس سفر میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔