دنیا بھر میں شہرت پانے والے معروف برطانوی گلوکار اور ہیوی میٹل بینڈ بلیک سبتھ کے فرنٹ مین اوزی اوسبورن 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
برطانوی راک میوزک کے لیجنڈ اوزی اوسبورن کے اہلِ خانہ نے ایک بیان کے ذریعے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دینی پڑ رہی ہے کہ ہمارے پیارے اوزی اوسبورن آج صبح ہم سے جدا ہو گئے، ہم اس کٹھن وقت میں اپنی پرائیویسی کا احترام کیے جانے کی اپیل کرتے ہیں۔
اوزی اوسبورن نے 1970ء کی دہائی میں بینڈ بلیک سبتھ کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا، ان کے مشہور گانے ‘پیرانوئیڈ’ اور ‘سبتھ بلڈی سبتھ’ نے راک موسیقی میں نئی جہتیں متعارف کروائیں۔
بعد ازاں انہوں نے سولو کیریئر بھی شروع کیا، جس کی بدولت ان کے گانوں کی مجموعی فروخت 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
حالانکہ اوزی اوسبورن کی موت کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی لیکن وہ گزشتہ چند برسوں سے مختلف طبی پیچیدگیوں کا شکار رہے تھے۔
اوزی اوسبورن کی موت سے دنیا ایک ایسی آواز سے محروم ہوگئی ہے جس نے راک موسیقی کی تاریخ پر انمٹ نقوش چھوڑے۔