وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں ہونے والی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں باپ اور بیٹی کے گاڑی سمیت سیلابی پانی میں بہہ جانے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کے ریسکیو کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی۔
شہباز شریف نے سیلاب اور مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حادثات میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز تیز تر کرنے کی ہدایت دے دی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کیلیے کرداراداکرسکتاہے،شہباز شریف کامارکوروبیوکوواضح پیغام
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبوں اور متعلقہ محکموں سے مسلسل رابطے میں رہنے، انہیں تمام تر ضروری سہولیات فراہم کرنے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ایف ڈبلیو او کو سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام تیز تر کرنے کی ہدایت دے دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ عوام تک فوری ریلیف پہنچایا جائے اور آنے والے دنوں میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں۔