شدید سمندری طوفان ‘ویفا’ شمالی ویتنام کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق، 7 لاپتہ اور ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
طوفان کے اثرات سے قبل فلپائن میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی۔
ویتنام کی قومی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق منگل کی صبح 6 بجے (مقامی وقت) طوفان ‘ویفا’ ہائی فونگ شہر کے ساحل سے 60 کلومیٹر دور تھا، جہاں اس کی رفتار 102 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں: سمندری طوفان یاگی نے ویتنام میں تباہی مچادی، 141 افراد جاں بحق
یہ جنوب مغرب کی سمت 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔
طوفان سے تاحال ویتنام میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم خطرناک بارش اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد فوجی اہلکار الرٹ پر ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں 500 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے، جبکہ طوفان ہنگ ین اور نِن بنہ صوبوں میں لینڈ فال کرے گا، جہاں یہ رات تک کم دباؤ کے سسٹم میں تبدیل ہو جائے گا۔
ادھر فلپائن میں شدید بارشوں نے دارالحکومت منیلا میں زندگی مفلوج کر دی۔ اسکولز اور سرکاری دفاتر بند ہیں، جب کہ دریائے مریکینا کے کنارے رہنے والے 23 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ویتنام، سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 127 ہو گئی
کیوزون اور کالوکان شہروں سے مزید 25 ہزار افراد کا انخلا کیا گیا ہے۔
کالوکان میں ایک عمر رسیدہ خاتون اور ان کا ڈرائیور پل پار کرتے ہوئے پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔ ان کی گاڑی تو مل گئی، لیکن دونوں کی تلاش تاحال جاری ہے۔
فلپائن کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے قومی ادارے (NDRRMC) کے مطابق طوفان ‘ویفا’ سے کم از کم 5 افراد ہلاک، 5 زخمی اور 7 لاپتہ ہیں۔
فلپائن ہر سال 20 کے قریب طوفانوں کی زد میں آتا ہے، جن کا زیادہ تر نشانہ غریب علاقے بنتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ان طوفانوں کی شدت اور تباہی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال کے اوائل میں سپر ٹائفون ‘یاگی’ نے ویتنام میں تقریباً 300 افراد کی جان لی تھی اور 3.3 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا تھا۔