پاکستان ٹیسٹ کرکٹ وینٹی لیٹر پر، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آخری نمبر
گرین شرٹس نے اب تک چار میچز کھیلے ہیں جن میں صرف ایک کامیابی حاصل ہوئی
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل میں ایک نیا موڑ اس وقت آیا جب ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو اننگز اور 217 رنز سے شکست دے کر نہ صرف سیریز میں برتری حاصل کی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر بھی بڑی چھلانگ لگا دی۔
کیریبیئن ٹیم جو اس سے پہلے مسلسل مشکلات کا شکار تھی اور نو میں سے صرف ایک میچ میں ڈرا کھیل سکی تھی اب اپنی پہلی فتح کے بعد آٹھویں نمبر پر آ گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کی پوزیشن مزید خراب ہو گئی ہے۔ گرین شرٹس نے اب تک چار میچز کھیلے ہیں جن میں صرف ایک کامیابی حاصل ہوئی جبکہ تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سلو اوور ریٹ کی وجہ سے منفی پوائنٹس کے بعد پاکستان کے مجموعی پوائنٹس صرف 8 رہ گئے ہیں اور ٹیم ٹیبل پر آخری یعنی نویں نمبر پر چلی گئی ہے۔
ٹیبل پر دیگر پوزیشنز میں آسٹریلیا سرفہرست ہے، اس کے بعد جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ موجود ہیں۔ بنگلہ دیش چوتھے، بھارت پانچویں جبکہ سری لنکا چھٹے نمبر پر آ گیا ہے۔ انگلینڈ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔
