ترک وزیر خارجہ کا پاکستان سے دوستی پر بھارت کو کرارا جواب
ترکیہ واحد ملک نہیں جس کے پاکستان کے ساتھ اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے پاک ترک مضبوط تعلقات پر بھارتی حکومت کی بے چینی کو بے نقاب کردیا۔
سنگا پور میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فاراسٹریٹجک اسٹڈیز کے لیکچر کے دوران بھارت کی ناقص خارجہ پالیسی واضح ہوگئی۔
بھارتی جریدے ہندوستان ٹائمز کے مطابق ترک وزیرخارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ترکیہ کے قریبی اور برادرانہ تعلقات بھارت کے لیے مسئلہ نہیں ہونے چاہئیں، بھارت کو ترکیہ کی پاکستان کے ساتھ دوستی کو اپنے خلاف دشمنی یا غلط اقدام نہیں سمجھنا چاہیے۔
ہاکان فیدان کا کہنا تھا کہ ترکیہ واحد ملک نہیں جس کے پاکستان کے ساتھ اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں بلکہ اور ممالک بھی ہیں اگر پاکستان سے اچھے تعلقات کی بنیاد پر بھارت کسی ملک کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرے گا تواس پر کیا ہی کہا جاسکتا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ترکیہ اور پاکستان میں دہائیوں سے قریبی سیاسی، سفارتی اوردفاعی تعلقات ہیں جبکہ مسئلہ کشمیر پر بھی ترکیہ پاکستان کا حامی ہے۔
ماہرین کے مطابق ترک وزیرِ خارجہ کے واضح اور دوٹوک بیان نے ایک بار پھر بھارتی خارجہ پالیسی کی کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا ہے، عالمی سطح پر بدلتے حالات بھارت کو یہ سبق دے رہے ہیں کہ دیگر ممالک کے آزادانہ سفارتی فیصلوں کا احترام ہی مؤثر خارجہ پالیسی کی بنیاد ہوتا ہے، بھارت کا یہ پرانا رویہ ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ بہترتعلقات قائم کرنے والے ممالک کواپنا دشمن تصور کرلیتا ہے۔
