اسرائیل نے ایران پر حملہ کردیا، تہران دھماکوں سے گونج اٹھا
ایران کے خلاف محدود نوعیت کے حملے کیے جا رہے ہیں، اسرائیلی وزیردفاع
ایران کے دارالحکومت تہران میں دھماکوں اور سائرن کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ اسرائیلی وزیرِ دفاع نے ایران پر محدود حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد فضا میں ہنگامی سائرن بھی بجنے لگے۔ فوری طور پر نقصانات یا جانی صورتحال سے متعلق سرکاری طور پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
اسرائیل کے وزیرِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف محدود نوعیت کے حملے کیے جا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے اہداف یا کارروائی کی نوعیت سے متعلق مزید وضاحت نہیں کی۔
دوسری جانب ایرانی حکام کی جانب سے تاحال کسی باضابطہ ردِعمل یا تصدیق کا انتظار ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج نے تہران میں کم از کم تین مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ حملوں کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی جبکہ امدادی اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے پورے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ اسرائیلی حکام کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
