پاکستان ہاکی فیڈریشن کے الزامات پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کی وضاحت
پرو لیگ کے لیے 35 کروڑ روپے کے بجٹ کی درخواست پر 25 کروڑ روپے فراہم کیے گئے، پی ایس بی
اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے ردعمل میں وضاحت جاری کی ہے کہ ایف آئی ایچ پرو لیگ سیزن 7 فیز 2 میں شرکت کے تمام مالی انتظامات بروقت ادا کیے گئے تھے۔
پی ایس بی نے بتایا کہ ہوبارٹ ٹور کے لیے ویزا درخواستیں تاخیر اور غلط معلومات کے ساتھ جمع کرائی گئیں جس کے باعث ٹیم کی روانگی جو 2 فروری کو متوقع تھی جو کہ 5 فروری کو ممکن ہوئی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے کہا کہ اصل ایئر ٹکٹ کی لاگت 27.1 ملین روپے اور اضافی 9.7 ملین روپے بھی پی ایس بی کی جانب سے ادا کیے گئے۔ علاوہ ازیں ڈبل ٹری بائی ہلٹن میں قیام کے لیے 49,280 آسٹریلین ڈالر ایڈوانس فراہم کیے گئے۔
پی ایس بی نے مزید وضاحت کی کہ فی کھلاڑی 1,610 امریکی ڈالر ڈیلی الاؤنس اور 3 ہزار امریکی ڈالر متفرق اخراجات بھی ادا کیے گئے۔ پرو لیگ کے لیے 35 کروڑ روپے کے بجٹ کی درخواست پر 25 کروڑ روپے فراہم کیے گئے جب کہ بقایا فنڈز کا انتظام فیڈریشن کی ذمہ داری تھا جس کے لیے مطلوبہ پلان جمع نہیں کرایا گیا۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے واضح کیا کہ سابقہ فنڈز کا مکمل حساب نہ دینے پر براہ راست فنڈز روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بورڈ کے مطابق ایونٹ مینجمنٹ اور ویزا پراسیسنگ نیشنل فیڈریشن کی بنیادی ذمہ داری ہے اور قومی ٹیم کے مفاد، شفافیت اور احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پی ایس بی نے زور دیا کہ قومی ٹیم کی کامیابی اور مالی شفافیت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات بروقت کیے گئے اور مستقبل میں بھی یہی اصول نافذ رہیں گے۔
