پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں چاند گرہن کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اس موقع پر لاکھوں افراد آسمان کی طرف نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایشیا، افریقہ اور یورپ میں مکمل چاند گرہن، جسے ’سپر بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے، کا آغاز ہو چکا ہے۔
پاکستان میں جزوی چاند گرہن رات 9 بج کر 27 منٹ پر ہوگا، جب کہ مکمل گرہن 10 بج کر 31 منٹ پر لگے گا۔ اس کے بعد 11 بج کر 12 منٹ پر یہ عمل اپنے عروج پر پہنچے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند گرہن رات 1 بج کر 55 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔ عروج کے وقت چاند اپنی اصل سفید روشنی کے بجائے سرخی مائل نظر آئے گا۔
زمین کے سائے کے قریب سے گزرتے ہوئے یہ منظر دلکش اور حیرت انگیز ہوگا، جسے ’سپر بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی اس دوران مکمل سرخ چاند کا واضح نظارہ کیا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق جب سورج کی روشنی زمین کی سطح سے گزرتی ہے تو نیلی شعاعیں فلٹر ہو جاتی ہیں اور سرخ روشنی چاند تک پہنچتی ہے، جس سے چاند کا رنگ بدل کر سرخ ہو جاتا ہے۔ پورا چاند اس وقت سامنے آتا ہے جب زمین، سورج اور چاند ایک سیدھ میں آجائیں، اور اس دوران چاند مکمل طور پر روشن دکھائی دیتا ہے۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پورے چاند کو قدیم زمانے سے کاشتکاری اور انسانی نیند کے اثرات سے بھی جوڑا جاتا ہے، جبکہ بہت سے کسان اسے بیج بونے کے لیے بہترین وقت تصور کرتے ہیں۔