معروف پاکستانی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں کیمپنگ کے دوران براؤن ریچھ کے حملے کا شکار ہوگئیں، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق قرۃ العین بلوچ ایک گانے کی شوٹنگ کے سلسلے میں دیوسائی کے علاقے میں موجود تھیں، جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔ حملے کے وقت وہ ٹیم کے ہمراہ کیمپنگ کر رہی تھیں۔
طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قرۃ العین بلوچ کو فوری طور پر ریجنل اسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق ریچھ کے حملے میں ان کے دونوں بازو زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف اور مقامی انتظامیہ نے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
گلوکارہ کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، تاہم مکمل صحتیابی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔