وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر شی جن پنگ کی دعوت پر چین کے دورے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی جیانگ سے ملاقات کریں گے، جس میں پاک۔چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فوج، پاک چین دوستی کی مضبوط محافظ ہے، چین
مزید براں وزیراعظم ایس سی او سمٹ کی سائیڈ لائنز پر اہم عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ میں صدر شی اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ فوجی پریڈ میں شریک ہوں گے، جو دنیا کی فسطائیت کے خلاف دوسری عالمی جنگ کے 80 سال مکمل ہونے پر ہو رہی ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم معروف چینی کاروباری شخصیات اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں پاک۔چین تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری تعلقات پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم بیجنگ میں پاک، چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔