پولینڈ میں ایف-16 طیارہ گر کر تباہ، ویڈیو وائرل

پولینڈ کے شہر راڈوم میں ایک افسوسناک واقعے میں فضائیہ کا ایک ایف-16 جنگی طیارہ ایئر شو کی تیاری کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ جمعرات کے روز پیش آیا جب طیارہ ایروبیٹک مشق کے دوران قابو سے باہر ہو کر زمین سے ٹکرا گیا۔

 سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ بیرل رول کے دوران اچانک نیچے آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی آگ کے شعلوں میں لپٹ گیا، طیارہ رن وے پر کچھ فاصلے تک گھسٹتا رہا اور مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

پولینڈ حکومت کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ فضائیہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، طیارہ 31 ویں ٹیکٹیکل ایئر بیس، پوزنان سے تعلق رکھتا تھا۔

مسلح افواج کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے کے وقت طیارے کے قریبی علاقے میں کوئی راہگیر موجود نہیں تھا، جس سے کسی شہری کے متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

ایف-16 کے حادثے کے بعد ایئر شو کو منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Related posts

منصور بن زید نے وزیر اعظم سینیگال – متحدہ عرب امارات سے ملاقات کی

وزیراعظم کی سیکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشنز پر خراج تحسین

عبد اللہ بن زید اور مصر کے وزیر خارجہ نے بات چیت کی – متحدہ عرب امارات