لاہور میں معروف ٹک ٹاکر خرم گجر کو ایک اوورسیز پاکستانی کے ساتھ مبینہ طور پر دو لاکھ یورو کے فراڈ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خرم گجر پر الزام ہے کہ اس نے رانا ارسلان نامی اوورسیز پاکستانی سے کمرشل پلاٹ کی خریداری کے نام پر بھاری رقم وصول کی، مگر ایک سال گزر جانے کے باوجود نہ پلاٹ دکھایا اور نہ ہی کوئی خریداری مکمل کی۔
جب متاثرہ شخص نے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو خرم گجر نے انکار کرتے ہوئے مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دیں۔
متاثرہ شہری رانا ارسلان کی جانب سے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کرایا گیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خرم گجر کو امانت میں خیانت اور دھمکیوں کے الزام میں حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور معاملے کی گہرائی سے چھان بین کی جا رہی ہے۔