لاہور پولیس نے رواں سال سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 2107 جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق مختلف آپریشنز میں 4651 گینگ ممبران کو گرفتار کیا گیا، کارروائیوں کے دوران پولیس نے 1 ارب 12 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی جبکہ ملزمان کے قبضے سے 16 کاریں، 3196 موٹر سائیکلیں اور 105 دیگر وہیکلز برآمد ہوئے۔
مزید پڑھیں: لاہور پولیس دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے خلاف سرگرم
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 283 تولے سونا، 4772 موبائل فونز اور 55 لیپ ٹاپس بھی قبضے میں لیے گئے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ منظم جرائم میں ملوث گروہوں کو قانون کے شکنجے میں لایا جا رہا ہے اور زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مال مسروقہ قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کو واپس لوٹایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے سرگرم عمل ہے۔