افغانستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں اسٹار آل راؤنڈر راشد خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ایونٹ 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا، جہاں افغانستان کی ٹیم اپنی مہم کا آغاز گروپ بی سے کرے گی۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق ٹیم میں وکٹ کیپر بلے باز رحمان اللّٰہ گرباز، ابراہیم زدران، درویش رسولی اور صدیق اللّٰہ اتل شامل ہیں۔ آل راؤنڈرز میں عظمت اللّٰہ عمرزئی، کریم جنت، محمد نبی اور گلبدین نائب کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ اسپنرز میں شرف الدین اشرف، مجیب الرحمٰن، نور احمد اور اے ایم غضنفر بھی موجود ہیں۔
اسی طرح فاسٹ بولنگ لائن اپ میں فرید احمد ملک، نوین الحق اور فضل حق فاروقی کو شامل کیا گیا ہے۔ محمد اسحاق بطور وکٹ کیپر بیٹر اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ بورڈ کے مطابق یہ اسکواڈ اسپن اور پیس دونوں میں متوازن ہے تاکہ ایشیا کپ کے اہم مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھائی جا سکے۔
ایشیا کپ سے قبل افغانستان ٹیم شارجہ میں سہ ملکی سیریز کھیلے گی جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہوں گے۔ یہ سیریز افغانستان کے لیے تیاریوں کا ایک اہم مرحلہ تصور کی جا رہی ہے تاکہ کھلاڑی کنڈیشنز کے مطابق ڈھل سکیں۔
واضح رہے کہ گروپ بی میں افغانستان کا مقابلہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور ہانگ کانگ سے ہوگا، جبکہ گروپ اے میں بھارت، پاکستان، عمان اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ ایونٹ کے دوران افغانستان کے شائقین کو اپنی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔