اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت راولاکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
شدید گرمی سے نجات پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، تاہم مختلف علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور نالوں کی سطح بلند ہونے سے مشکلات بھی پیش آئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں اب تک 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ مختلف علاقوں جیسے سیدپور میں 48 ملی میٹر، گولڑہ 43 ملی میٹر، بوکڑہ 17 ملی میٹر، پی ایم ڈی 32 ملی میٹر، شمس آباد 19 ملی میٹر، کچہری 14 ملی میٹر، پیرودہائی 7 ملی میٹر، گوالمنڈی 8 ملی میٹر اور نیو کٹاریاں میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 9 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 5 فٹ تک بلند ہو گئی ہے، تاہم پانی کا بہاؤ تاحال معمول کے مطابق ہے۔
نالہ کورنگ میں بھی بہاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے ڈھوک جیلانی کے قریب نشیبی آبادیوں کو خطرہ لاحق ہے۔
واسا راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری اور عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ مری روڈ اور کمیٹی چوک انڈرپاسز پر بھی حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نالہ لئی سمیت تمام نالوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا مکمل الرٹ ہے۔