خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقے ڈلورائی میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے بعد پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا۔
متاثرہ علاقوں ڈلورائی، سرکوئی اور بادہ میں پاک فوج اور ایف سی نارتھ کے اہلکاروں نے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو کارروائیاں شروع کیں، جن میں مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور بنیادی ضروریات کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
پاک فوج کے کور آف انجینئرز نے لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ متعدد رابطہ سڑکوں کو بحال کر کے آمد و رفت ممکن بنا دی ہے، جس سے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔
متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے میڈیکل کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں مقامی افراد کو مفت طبی امداد اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
علاوہ ازیں، متاثرہ خاندانوں کو راشن، بستر اور دیگر ضروری اشیائے خور و نوش بھی پاک فوج کی جانب سے مہیا کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں انخلا اور امداد کا عمل اس وقت تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جب تک تمام متاثرین کو مکمل طور پر محفوظ مقامات پر منتقل نہیں کر دیا جاتا۔
دوسری جانب، بونیر، شانگلہ اور سوات کے متعدد علاقوں میں بھی پاک فوج کی امدادی ٹیمیں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، جہاں متاثرین کو بروقت مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
عوامی حلقوں نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی بروقت کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔