ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا مقابلہ صرف کھیل نہیں بلکہ کروڑوں کا کھیل بن چکا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ہائی وولٹیج میچ کے دوران اشتہارات کی قیمتیں تمام ریکارڈز توڑتی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق صرف 10 سیکنڈ کا ٹی وی اشتہار لگانے کے لیے 51 لاکھ روپے سے زائد کی رقم درکار ہوگی، جبکہ مکمل اشتہاری پیکج کی قیمت 14 کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔
یہی نہیں، کو-پریزنٹنگ پارٹنرشپ اور کو-پاورڈ پیکجز جیسی اسپانسرشپ ڈیلز 58 کروڑ روپے میں دستیاب ہیں، اور ایسوسی ایٹ پارٹنرشپ کا ریٹ بھی 41 لاکھ روپے سے زیادہ ہو چکا ہے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اشتہارات کی قیمتیں بھی کسی سے پیچھے نہیں، کو پریزنٹنگ اور ہائی لائٹس پارٹنر جیسی ڈیجیٹل ڈیلز کی مالیت 96 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق رائٹس ہولڈرز کو توقع ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں ریکارڈ توڑ ویورشپ دیکھنے کو ملے گی خاص طور پر پاک بھارت میچ کے دوران ویورشپ عروج پر ہو گی۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر کو یو اے ای میں ہوگا، اور شائقین کرکٹ کو سب سے زیادہ انتظار 14 ستمبر کے دن کا ہے جب دو روایتی حریف ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں ٹکرائیں گے۔