لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی تبدیلی کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دوبارہ خط ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان ٹیم اینڈی پائی کرافٹ کی نگرانی میں کسی بھی میچ میں شرکت نہیں کرے گی۔ اس حوالے سے بورڈ ایشیا کپ کے ممکنہ بائیکاٹ کے اپنے موقف پر قائم ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کی جانب سے کی گئی ابتدائی انکوائری کو محض “رسمی کارروائی” قرار دیا ہے۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ جب تک آئی سی سی باضابطہ اعلان نہیں کرتا، معاملہ آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔
ادھر کرکٹ حلقوں میں یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ اگر پاکستان اپنے موقف پر ڈٹا رہا تو ایشیا کپ کے شیڈول اور ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان نے میچ ریفری تبدیل کرنے کی یقین دہانی کے بعد ایشیا کپ میں شیڈول اپنا آج کا میچ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے، تاہم، پی سی بی کی جانب سے لکھے گئے تازہ ترین خط کے بعد ایشیا کپ کے بقایا میچز میں پاکستان کی شرکت ایک بار پھر مشکوک ہوگئی ہے۔
