ایک سم کارڈ اور قسمت بدل گئی؛ گاؤں کے نوجوان کو کوہلی اور ڈی ویلیئرز کی کالز موصول

بھارت میں چھتیس گڑھ کے ضلع گاریابند کے گاؤں ماڈاگاؤں میں رہنے والے ایک عام نوجوان کی زندگی اُس وقت فلمی کہانی کا روپ دھار گئی جب اس نے ایک عام سا سم کارڈ خریدا اور کچھ ہی دیر بعد اُس پر ویرات کوہلی اور اے بی ڈی ویلیئرز جیسے بڑے کرکٹرز کے فون آنے لگے۔

28 جون کو کسان گجیندر باسی کا بیٹا منیش باسی اپنے دوست کھیمراج کے ساتھ قریبی قصبے دیوبھوگ گیا اور جیو کمپنی کا نیا سم خریدا۔ واٹس ایپ انسٹال کرنے کے بعد انہیں حیرت ہوئی کہ پروفائل پر رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان راجت پاٹیدار کی تصویر موجود ہے۔

انہوں نے اسے کسی تکنیکی غلطی کا نتیجہ سمجھا مگر جب فون پر کوہلی، ڈی ویلیئرز اور دیگر کھلاڑیوں کی آوازیں آنے لگیں تو حیرت خوشی میں بدل گئی۔

دوستوں نے پہلے تو سمجھا کہ یہ کسی کا مذاق ہے اور مزے لیتے ہوئے گفتگو جاری رکھی۔ کھیمراج جو ویرات کوہلی کے بڑے مداح ہیں، انہوں نے بتایا کہ جب اے بی ڈی ویلیئرز کا فون آیا تو وہ انگریزی میں بول رہے تھے، ہمیں زیادہ سمجھ نہیں آئی مگر خوشی بے انتہا تھی۔

یہ سلسلہ 15 جولائی کو ختم ہوا جب خود راجت پاٹیدار نے فون کرکے سم واپس کرنے کی درخواست کی اور پولیس بھیجنے کا عندیہ دیا۔ بعد میں پولیس پہنچی اور اصل معاملہ واضح ہوا۔

ٹیلی کام پالیسی کے تحت 90 دن غیر فعال رہنے والا نمبر بند کرکے کسی اور صارف کو دے دیا جاتا ہے۔ یہ نمبر پہلے پاٹیدار کے پاس تھا جو منیش کو الاٹ ہوگیا تھا۔

مدھیہ پردیش سائبر سیل اور گاریابند پولیس کی مداخلت سے منیش نے خوش دلی کے ساتھ سم واپس کر دیا۔ ڈپٹی ایس پی نہا سنہا کے مطابق ’’یہ کسی کی غلطی نہیں تھی بلکہ معمول کا عمل تھا‘‘۔

منیش اور کھیمراج کے لیے یہ چند ہفتے زندگی کا انمول تجربہ بن گئے جب کہ گاؤں والے اب بھی اس واقعے پر خوش ہیں کیونکہ یہاں بیشتر لوگ آر سی بی کے مداح ہیں۔

منیش کے بھائی دیش بندھو باسی کہتے ہیں ’’لوگ تو کرکٹرز کو صرف ٹی وی پر دیکھنے کا خواب دیکھتے ہیں جب کہ ہم نے ان سے براہِ راست بات کی اور یہ سب قسمت کے کھیل سے ہوا‘‘۔

Related posts

تصاویر میں: اتحاد ریل پہلی مسافر ٹرین فجیرہ سے ابوظہبی تک

اتحاد ریل کی پہلی مسافر ٹرین 105 منٹ میں فجیرہ سے ابوظہبی پہنچ گئی

متحدہ عرب امارات کی فیول پرائس کمیٹی نے جولائی کے لیے قیمتوں کا اعلان کر دیا۔