آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔
آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 169 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کر لیا۔
آئرلینڈ کی جانب سے اورلا پرینڈرگاسٹ نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 51 رنز بنائے، جب کہ لارا ڈیلینی نے 42 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان کی طرف سے رامین شمیم نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے 36 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ بلے بازوں میں شوال ذوالفقار 33، نتالیہ پرویز 31 اور فاطمہ ثنا 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
آئرلینڈ کی جانب سے لارا مک برائیڈ اور کارا مرے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کی نظریں کلین سوئپ سے بچنے پر مرکوز ہوں گی۔