لیسٹر: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے آخری گروپ میچ میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا چیمپئنز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان چیمپئنز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ سعید اجمل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 16 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ آسٹریلوی ٹیم صرف 75 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ اسپن اور لائن لینتھ پر قابو نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو جڑ سے اکھاڑ دیا۔
جواب میں پاکستان چیمپئنز نے ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں کیا۔ اوپنرز شرجیل خان نے 32 اور صہیب مقصود نے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 8 ویں اوور میں فتح دلوائی۔
دونوں بلے بازوں نے شاندار شاٹس کھیلے اور آسٹریلوی بولرز کو بے بس کردیا جب کہ پاکستان چیمپئنز کی مسلسل فتح اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیم بھرپور فارم میں ہے۔
ایونٹ کے تمام میچز جیت کر پاکستان نے نہ صرف شائقین کرکٹ کو خوش کردیا بلکہ ناک آؤٹ مرحلے میں بھی خود کو ایک مضبوط دعوے دار کے طور پر منوایا ہے۔