کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو 70 سے زائد موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار

کراچی میں گلشن اقبال کے علاقے 13 ڈی میں واقع ایک گیمنگ زون میں رات گئے مسلح ڈاکوؤں نے بڑی ڈکیتی کی واردات کی، جس میں 70 سے زائد موبائل فونز، نقدی، اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لی گئیں۔

ذرائع کے مطابق واردات میں 6 سے 10 کے قریب مسلح ملزمان ملوث تھے، جنہوں نے گیمنگ زون میں موجود درجنوں نوجوانوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔ واردات کے وقت زون میں 60 سے 70 کے درمیان افراد موجود تھے۔

مزید پڑھیں: خیرپور کے کنب علاقے میں بڑی ڈکیتی، 20 گھروں کا صفایا، خواتین پر تشدد، متاثرین کا احتجاج

ڈاکو نہ صرف تمام افراد سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوئے، بلکہ سیکیورٹی گارڈ پر تشدد کر کے اس کا اسلحہ اور سی سی ٹی وی کی ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔

سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ ملزمان جدید اور روایتی دونوں اقسام کے ہتھیاروں سے لیس تھے، اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گھسیٹ کر اندر لے جایا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی : ٹک ٹاکر بہن بھائی 13 کروڑ کی ڈکیتی میں ملوث نکلے

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واردات میں 13 افراد سے موبائل فون چھینے گئے، آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ شہریوں میں واقعے کے بعد خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کا آج کا موسم: دبئی اور ابوظہبی میں درجہ حرارت میں معمولی کمی، دھند اور دھول کی پیشن گوئی

عبداللہ بن زاید نے مراکش میں دہشت گردی کی ناکام سازشوں کی مذمت کی، متحدہ عرب امارات کی مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا

شارجہ ہوائی اڈہ موسم گرما کے سفر کے دوران تقریباً 30 لاکھ مسافروں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔