بھارت کی مغربی ریاست راجستھان کے ضلع جھالاواڑ میں ایک سرکاری اسکول کی چھت اور دیوار کا حصہ گرنے سے کم از کم سات بچے ہلاک اور 26 دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ آج صبح اس وقت پیش آیا جب طلبہ کلاسز میں مصروف تھے۔
پولیس افسر نند کشور نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ اب تک سات بچے اپنی جان گنوا چکے ہیں اور 26 زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کے وقت عمارت میں تقریباً 60 طلبہ، اساتذہ اور عملے کے افراد موجود تھے۔ جھالاواڑ ضلع ریاستی دارالحکومت جے پور سے تقریباً 322 کلومیٹر دور واقع ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق مقامی دیہاتی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمی بچوں کو نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ جاں بحق بچوں کی عمریں آٹھ سے گیارہ سال کے درمیان تھیں، جبکہ دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ اسکول کی عمارت خستہ حال تھی اور اس حوالے سے متعدد شکایات پہلے ہی درج کرائی جا چکی تھیں۔
مزید برآں گزشتہ کئی روز سے علاقے میں موسلا دھار بارش بھی جاری تھی، جس کے باعث عمارت کی حالت مزید خراب ہو چکی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت میں سرکاری اسکولوں کو مالی وسائل کی کمی، ناقص انفراسٹرکچر، اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے مسائل کا سامنا ہے، خاص طور پر دیہی علاقوں میں۔
اگرچہ شہری علاقوں میں کچھ بہتری دیکھی گئی ہے، لیکن دیہی بھارت میں تبدیلی کی رفتار تاحال سست ہے۔