پاک بحریہ کے لیے مقامی سطح پر تیار کردہ جدید گن بوٹ پی این ایس ساہیوال کی لانچنگ تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) میں منعقد ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لانچنگ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تھے۔
وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے پلیٹ فارم ڈیزائن وِنگ (PDW) اور کراچی شپ یارڈ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گا۔
پی این ایس ساہیوال ایک جدید ترین گن بوٹ ہے، جس میں طویل فاصلے تک مار کرنے والی سیمی آٹومیٹک گنز نصب کی جائیں گی۔
یہ پلیٹ فارم مختلف بحری سیکیورٹی آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جس سے پاکستان نیوی کی دفاعی اور آپریشنل صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ مستقبل میں اس طرز کی مزید گن بوٹس کی تیاری پر غور کر رہی ہے، جس سے نہ صرف بحری دفاع مضبوط ہوگا بلکہ دفاعی صنعت میں خود کفالت کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
لانچنگ تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران، وزارتِ دفاعی پیداوار، کراچی شپ یارڈ اور شپ بلڈنگ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے شرکت کی۔