سینیٹ انتخابات 2025 کے سلسلے میں پنجاب اسمبلی میں جنرل نشست کے لیے ہونے والا انتخاب مکمل ہو گیا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالکریم بھاری اکثریت سے 243 ووٹ حاصل کر کے سینیٹر منتخب ہو گئے۔
الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق 345 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جن میں سے 342 ووٹ درست قرار پائے جبکہ 3 ووٹ مسترد کر دیے گئے۔ صرف ایک جنرل نشست پر انتخاب ہوا، جس کے لیے انتخابی کوٹہ 172 ووٹ مقرر کیا گیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار عبدالستار صرف 99 ووٹ حاصل کر سکے، جبکہ دیگر امیدواروں اعجاز حسین منہاس اور خدیجہ صدیقی کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔
الیکشن کمشنر کے مطابق ووٹر ٹرن آؤٹ 93.75 فیصد رہا، جسے غیرمعمولی حد تک بلند قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کو ایوانِ بالا میں مزید تقویت حاصل ہو گئی ہے۔
سینیٹ میں جماعتی پوزیشن:
سینیٹ کے حالیہ انتخابات کے بعد ایوانِ بالا میں حکمران اتحاد کو دو تہائی اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔
پیپلز پارٹی 26 نشستوں کے ساتھ سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 16 سینیٹرز کے ساتھ دوسری بڑی پارلیمانی جماعت ہے، جبکہ اسے مزید 6 آزاد سینیٹرز کی حمایت بھی حاصل ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) 20 سینیٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کی سینیٹ میں مجموعی نشستیں 7 ہو گئی ہیں۔
باپ پارٹی کے پاس 4 نشستیں ہیں، جبکہ ایم کیو ایم اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے پاس 3،3 نشستیں موجود ہیں۔