ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمشو بی بی عرف عائشہ کے قتل کیس میں اہم تفصیلات سامنے آگئیں

راولپنڈی: ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمشو بی بی کے قتل کیس میں اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مقتولہ کے والد نے دو افراد پر مالی معاملات کے تنازع اور مبینہ دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا ہے جب کہ پولیس فائرنگ سے قبل موصول ہونے والی فون کال کو بھی تحقیقات میں اہم قرار دے رہی ہے۔

پولیس کے مطابق شمشو بی بی کو 14 اگست کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا جب کہ حملے کے دوران ان کی 15 سالہ بہن اسمیہ بھی شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

مقتولہ کے والد کے مطابق واقعے سے کچھ دیر قبل شمشو بی بی کو کاشف عرف کاشی نامی شخص کی مبینہ فون کال موصول ہوئی جس میں انہیں فوری طور پر گھر سے باہر آنے کے لیے کہا گیا۔

والد کے مطابق فون کال کے بعد شمشو بی بی اپنی 15 سالہ بہن اسمیہ اور بھائی نعمت اللہ کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے روانہ ہوئیں تاہم کچھ ہی دیر بعد پٹرول پمپ کے قریب موٹرسائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی شمشو بی بی کی گردن میں لگی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جب کہ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔

حادثے کے نتیجے میں مقتولہ کی بہن اسمیہ بھی شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

مقتولہ کے والد فضل صاحبزادہ نے پولیس کو دی گئی درخواست میں قتل کی ممکنہ وجہ مالی تنازع قرار دیا ہے، ان کے مطابق کوثر اور جاوید عرف شاہین نامی دو افراد کے ساتھ شمشو بی بی کے مالی معاملات تھے اور انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔

والد کہتے ہیں کہ شمشو بی بی ان دونوں افراد کے خلاف اسلام آباد میں پہلے بھی شکایت درج کراچکی تھیں جب کہ فائرنگ سے کچھ دیر قبل کی جانے والی فون کال بھی کاشف عرف کاشی کی ہوسکتی ہے۔

مقتولہ کے والد نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ نامزد افراد مبینہ طور پر قتل میں براہ راست ملوث ہوسکتے ہیں یا کسی اور کے ذریعے حملہ کرایا گیا ہو۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تفتیش کی جارہی ہے جب کہ تحقیقات میں فائرنگ سے قبل ہونے والی فون کال کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق قتل کے ذمہ داروں کا تعین شواہد کی بنیاد پر کیا جائے گا اور واقعے سے متعلق مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

Related posts

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا

بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک

ویلز سے ڈرا کے بعد پاکستان کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات معدوم