ویمنز ایشیاکپ کا شیڈول جاری؛ پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟
ایونٹ کا افتتاحی میچ 28 اگست کو ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دبئی: ایشین کرکٹ کونسل نے خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ 28 اگست سے دبئی میں شروع ہوگا جب کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 5 ستمبر کو آمنے سامنے آئیں گی۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ 28 اگست کو ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تمام مقابلے دبئی کے بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں رات کے وقت ہوں گے جب کہ فائنل 13 ستمبر کو منعقد کیا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کو پہلے گروپ میں رکھا گیا ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا معرکہ تصور کیا جارہا ہے۔
دوسرے گروپ میں سری لنکا، بنگلادیش، انڈونیشیا اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ اس گروپ میں سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں 6 ستمبر کو مدمقابل ہوں گی۔
گروپ مرحلے میں ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر تمام ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپس سے پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ پہلا سیمی فائنل 10 ستمبر جب کہ دوسرا 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا یہ چھٹا ایڈیشن ہوگا۔ دفاعی چیمپئن سری لنکا ہے جب کہ بنگلادیش 2018 میں یہ اعزاز اپنے نام کرچکا ہے۔