گاڑیوں پر ٹیکس میں بڑا اضافہ؛ ٹرانسپورٹ، تعلیم اور ادویات بھی مزید مہنگی
جولائی کے دوران مختلف شعبوں میں قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا
اسلام آباد: جولائی کے دوران مختلف شعبوں میں قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گاڑیوں پر عائد ٹیکس میں ایک ماہ کے دوران 38.68 فیصد اضافہ سامنے آیا۔
ادارہ شماریات کی جاری کردہ دستاویز کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ہر قسم کی ٹرانسپورٹ 16.47 فیصد جبکہ ٹرانسپورٹ سے متعلق سہولیات 26.10 فیصد تک مہنگی ہوئیں۔ اسی طرح مواصلاتی خدمات کی قیمتوں میں بھی 19.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں بچوں کی نصابی کتابوں کی قیمتوں میں 1.12 فیصد اضافہ ہوا جبکہ تعلیمی اخراجات مجموعی طور پر 0.60 فیصد بڑھ گئے۔
اس کے علاوہ اخبارات کی قیمتیں سالانہ بنیادوں پر 28.54 فیصد تک بڑھ گئیں۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ماہ کے دوران رہائشی سہولیات کی لاگت میں 3.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ادویات کی قیمتوں میں بھی جولائی کے دوران 1.95 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔