آئی سی سی رینکنگ، پاکستانی خواتین کرکٹرز کی بڑی چھلانگ
نشرا سندھو ایک روزہ باؤلنگ رینکنگ میں دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی ہیں
آئی سی سی نے خواتین کی تازہ ترین ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی جاری کر دی جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار ترقی حاصل کی ہے۔
پاکستان کی نشرا سندھو تین درجے ترقی کے بعد خواتین کی ایک روزہ باؤلنگ رینکنگ میں دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کی منیبہ علی نے چار درجے ترقی کرتے ہوئے 30ویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ انہوں نے کیریئر کی بہترین 538 ریٹنگ پوائنٹس بھی حاصل کرلیے۔
پاکستان کی شوال ذوالفقار نے شاندار ترقی کرتے ہوئے 869 درجے بہتری کے بعد کیریئر کی بہترین 52 ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
دوسری جانب سری لنکا کی چماری اتھاپتھو نے بھی ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی حاصل کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مزید مضبوط کرلی جبکہ وہ کیریئر کی بہترین 729 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچ گئیں۔
سری لنکا کی امیشا دلانی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 33 درجے ترقی کرکے 23 ویں نمبر پر پہنچ گئیں جبکہ ہرشیتھا سماراوکراما خواتین کی ایک روزہ بیٹنگ رینکنگ میں کیریئر کی بہترین 13 ویں پوزیشن پر آگئیں۔
چماری اتھاپتھو ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھی تین درجے ترقی کے بعد 18 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
پاکستان کے لیے ایک اور خوشخبری یہ ہے کہ گل فیروزہ نے ایک روزہ بیٹنگ رینکنگ میں نو درجے ترقی کرتے ہوئے پہلی بار ٹاپ 50 کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی ہے۔