پاکستان میں مائننگ انقلاب، کراچی میں پہلی ٹیکنالوجی بیسڈ کانفرنس 6 اگست کو ہو گی
مقصد مائننگ سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے
پاکستان کی پہلی ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس 6 اگست کو کراچی میں منعقد ہوگی جس میں مائننگ کے شعبے سے وابستہ عالمی ماہرین شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں جاپان، جرمنی، چین اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک سے مائننگ ٹیکنالوجی کے ماہرین شریک ہوں گے جہاں پاکستان میں کان کنی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
سی ای او سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی عامر اقبال نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ٹیکنالوجی بیسڈ مائننگ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مائننگ سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تھر سے چھور ریلوے لائن آئندہ سال کے آغاز میں مکمل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد تھر کا کوئلہ ٹرین کے ذریعے پاور پلانٹس تک منتقل کیا جا سکے گا۔
عامر اقبال کے مطابق تھر بلاک ٹو کے تیسرے فیز کا آغاز اگلے ماہ کیا جا رہا ہے جبکہ لکی پاور پلانٹ کو بھی آئندہ ماہ سے مکمل طور پر تھر کے کوئلے کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی میں اب تک 1.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔
کانفرنس کو پاکستان کے مائننگ سیکٹر میں نئی ٹیکنالوجی، عالمی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔