کراچی پورٹ کا نیا ریکارڈ، ایک سال میں 5 کروڑ 54 لاکھ ٹن سے زائد کارگو ہینڈل
مالی سال کے دوران بندرگاہ پر 2,115 جہازوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی
کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) نے مالی سال 2025-26 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 55.44 ملین ٹن کارگو ہینڈل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
کے پی ٹی کی سالانہ کارگو رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں مجموعی کارگو ہینڈلنگ میں 2.76 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ درآمدی کارگو 5.82 فیصد بڑھ کر 35.91 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق برآمدی کارگو میں 2.44 فیصد کمی ہوئی اور یہ 19.53 ملین ٹن رہا، جس کے باعث درآمدات اور برآمدات کے درمیان فرق بڑھ کر 16.4 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔
کراچی پورٹ پر ڈرائی بلک کارگو میں 12.41 فیصد جبکہ لیکوئڈ بلک کارگو میں 7.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کنٹینر ہینڈلنگ بھی ریکارڈ سطح پر رہی اور بندرگاہ نے 2.75 ملین TEUs کنٹینرز ہینڈل کیے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.67 فیصد زیادہ ہے۔
کنٹینر مارکیٹ میں ساؤتھ ایشین پورٹ ٹرمینل نے 59.6 فیصد شیئر کے ساتھ اپنی برتری برقرار رکھی، جبکہ KICT کا حصہ 24.7 فیصد اور KGTL کا حصہ 15.5 فیصد رہا۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال کے دوران بندرگاہ پر 2,115 جہازوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی، جس میں مجموعی طور پر 7.36 فیصد اضافہ ہوا۔ آئل ٹینکرز کی آمد میں 12.83 فیصد جبکہ بلک شپس میں 12.96 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
کے پی ٹی کے مطابق توانائی اور بلک کارگو نے مالی سال 2025-26 میں بندرگاہی سرگرمیوں میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔