پاکستان نے کاوا سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دی۔
پاکستانی ٹیم نے کاوا سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں بنگلادیش کو تین صفر سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دی اور چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان نے پہلا سیٹ 25-20 سے جیت کر کامیابی کا آغاز کیا جب کہ دوسرے سیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو 25-16 سے شکست دی۔
تیسرے سیٹ میں بھی قومی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھی اور 25-20 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین صفر سے میچ اپنے نام کرلیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے کاوا سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا جب کہ قومی ٹیم پورے ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہی۔
چیمپیئن شپ کے اختتام پر پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔