فیفا ورلڈکپ فائنل؛ ارجنٹینا کو شکست دے کر اسپین دوسری بار فٹبال کا عالمی چیمپئن بن گیا
میچ کے اختتام پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر نے فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹینا کو ایک صفر سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
نیویارک کے نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور سابق عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان ابتدا ہی سے سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا تاہم پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں جذبے کے ساتھ کھیلتی رہیں مگر دفاعی لائن اور گول کیپرز کی شاندار کارکردگی کے باعث مقررہ وقت تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے اضافی وقت دیا گیا۔
اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی اسکور برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں اسپین کے فیران ٹوریس نے فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ ارجنٹینا نے واپسی کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ برابری کا گول کرنے میں ناکام رہی یوں اسپین نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کر کے عالمی کپ اپنے نام کر لیا۔
میچ کے اختتام پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر نے فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کی۔ اسپینش کھلاڑیوں نے شاندار جشن منایا جبکہ ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے رنر اپ کے چاندی کے تمغے وصول کیے۔ لیونل میسی میڈل وصول کرنے کے بعد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔
ایوارڈز کی تقریب میں اسپین کے پاؤ کیوبارسی کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا جبکہ کپتان روڈریگو ہرنینڈیز نے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے گولڈن بال اپنے نام کی۔ اسپین کے گول کیپر اونائی سائمن کو شاندار کارکردگی پر گولڈن گلوز ایوارڈ سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ اسپین بیک وقت مینز اور ویمن ورلڈ چیمپئن بننے والا پہلا ملک بن گیا، اسپین کی خواتین کی ٹیم نے بھی 2023 میں فٹبال ورلڈکپ جیتا تھا۔