عمر کے اس مرحلے میں بھی اتنے فٹ کیسے؟ شہزاد نواز نے راز بتادیا
دل صاف ہو تو چہرہ خود چمکتا ہے، اداکار
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہزاد نواز نے اپنی بہترین فٹنس اور تروتازہ شخصیت کا راز بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھی صحت کا تعلق صرف غذا سے نہیں بلکہ انسان کی سوچ اور باطن سے بھی ہوتا ہے۔
حال ہی میں شہزاد نواز ایک ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے جہاں ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ وہ عمر کے اس مرحلے میں بھی اتنے فٹ اور پرکشش کیسے نظر آتے ہیں اور کیا وہ اپنی ڈائٹ پلان کے بارے میں بتانا چاہیں گے؟
اس سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ اس کا جواب بہت سادہ ہے اگر انسان اندرونی طور پر مطمئن ہو، دوسروں کے لیے نیک جذبات رکھتا ہو اور اس کا دل صاف ہو تو اس کا مثبت اثر اس کی صحت اور شخصیت پر بھی نمایاں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص دوسروں کے ساتھ زیادتی کرے، کسی کا حق مارے یا ناجائز طریقے سے دوسروں کی ملکیت پر قبضہ کرے تو اس کے منفی اثرات صرف کردار ہی نہیں بلکہ چہرے پر بھی دکھائی دیتے ہیں۔
شہزاد نواز کا مزید کہنا تھا کہ عاجزی، پاکیزہ دل اور اچھی نیت کے ساتھ زندگی گزارنے والا شخص قدرتی طور پر پُرسکون، پُراعتماد اور تروتازہ نظر آتا ہے اور یہی حقیقی فٹنس اور خوبصورتی کا راز ہے۔
